ایبٹ آباد‘ گیارہ افراد کا قتل، ماڈل کورٹ نے ملزمان کو باعزت بری کردیا۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) آٹھ سال قبل چمک میرا حویلیاں میں گیارہ افراد کے قتل کیس کا فیصلہ۔ ماڈل کورٹ نے تین ملزمان کو باعزت بری کردیا۔ دو تاحال مفرور۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ نواپریل 2014ء کو تھانہ حویلیاں کی حدود میں واقع یونین کونسل چمہڈ کے گاؤں چمک میرا میں دوگروپوں لہراسب شاہ گروپ اور سوار شاہ گروپ کے درمیان اس وقت تصادم شروع ہوگیا۔ جب لہراسب شاہ گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان ذوالفقار عرف ملاں کی شادی کی رسموں کے دوران لہراسب گروپ کے لوگ ڈھولک کی تھاپ پر رقص اور فائرنگ کرتے ہوئے سوار شاہ گروپ کے گھروں کے سامنے پہنچ گئے۔ جس پر سوار شاہ گروپ کے لوگوں میں اشتعال پیدا ہوگیا اور اس دوران دونوں گروپوں میں تصادم شروع ہوگیا۔ واقعہ کے دوران لہراسب شاہ گروپ کے دو افراد سلیم شاہ ولد افسر شاہ اور خالد شاہ گولیوں کا نشانہ بنے کے بعد مارے گئے۔ اور دوسری طرف لہراسب گروپ کے افراد سوار شاہ گروپ کے گھروں میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں سوار شاہ گروپ کی تین خواتین امریزاں بی بی زوجہ شاہنواز شاہ، شاہین بی بی زوجہ شاہزیب شاہ اور ریاست بی بی دختر سوار شاہ گولیوں کا شکار ہو کر دم توڑ گئیں۔ اور پانچ مرد انوار شاہ ولد سوار شاہ، نبیل شاہ اور زرداد شاہ پسران انوار شاہ، شہزاد شاہ ولد شاہنواز شاہ اور سوار شاہ ولد محمد شاہ دم توڑ گئے۔ لہراسب گروپ کے قتل ہونے والے دو افراد کے قتل کا مقدمہ عارف شاہ ولد محبت شاہ اور عامر ولد رمضان کیخلاف جبکہ سوار شاہ کے آٹھ افراد کے قتل کا مقدمہ پانچ افراد کیخلاف درج کیا گیا۔ جن میں مقتول سلیم شاہ، مشتاق شاہ اور الیاس شاہ پسران افسر شاہ، اعظم شاہ، ناظم شاہ پسران بلاول شاہ شامل ہیں۔ اس طرح دونوں اطراف سے حویلیاں تھانہ میں آٹھ افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کیس آٹھ سال تک عدالت میں چلتا رہا۔ تاہم اس کیس کو ماڈل کورٹ میں بھیج دیاگیا۔ ذرائع کے مطابق ماڈل کورٹ نے اس کیس میں گرفتار تین ملزمان کو باعزت بری کردیا۔ جبکہ دو ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!