ڈی ایچ او ہیلتھ ایبٹ آباد کی نااہلی۔ سول ہسپتال خانسپور اور خیرہ گلی بھوت بنگلوں میں تبدیل۔

ایوبیہ(وائس آف ہزارہ)ڈی ایچ او ہیلتھ ایبٹ آباد کی نااہلی۔ سول ہسپتال خانسپور اور خیرہ گلی بھوت بنگلوں میں تبدیل۔ کوئی بھی اہلکار ڈیوٹی پر موجود نہیں ہوتا۔ دونوں ہسپتالوں کو ملنے والی ادویات بھی کاغذی خانہ پری تک محدود۔ چند روزقبل ہونے والے بس حادثے میں کسی زخمی کو مرہم پٹی تک نہیں کی جاسکی۔ تمام زخمیوں کو مری منتقل کیاگیا۔اہلیان علاقہ محکمہ صحت کے افسران اور عوامی نمائندوں کیخلاف سراپا احتجاج۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ محکمہ صحت ایبٹ آباد کے ذمہ داروں کی نااہلی کی وجہ سے سول ہسپتال خانسپور ایوبیہ اور خیرہ گلی بھوت بنگلوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ بی ایچ یوز کی مرمتی کیلئے ملنے والا سالانہ کروڑوں روپے کا فنڈز اندرون خانہ ہڑپ کر لیا جاتا ہے۔ جبکہ ادویات کی فراہمی بھی کاغذی خانہ پری ہی کی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان دونوں ہسپتالوں میں نہ تو کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی کرتاہے اور نہ ہی محکمہ صحت کا دیگر عملہ موجود ہوتاہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق چند روز قبل خیرہ گلی میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال خانسپور ایوبیہ اور خیرہ گلی پہنچایاگیا۔ لیکن افسوس کہ ان دونوں ہسپتالوں میں مرہم پٹی اور انجکشن کی سرنج تک موجود نہیں تھا۔ جس کی وجہ سے کئی افراد ایڑیاں رگڑ رگڑ کر موت کے منہ میں چلے گئے۔ جس کے بعد مجبوراً زخمیوں کو سول ہسپتال مری لے جانا پڑا۔خیرہ گلی میں جو حادثہ ہوا وہ خیرہ گلی ہسپتال سے چند میٹر کی مسافت پہ ہے اور خانسپور سول ہسپتال چند کلومیٹر لیکن دونوں ہسپتالوں میں بنیادی طبی امداد اور ایمرجنسی کے انتظامات نا ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مری اور پنڈی شفٹ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت ایبٹ آباد کے نااہل افسران کی وجہ سے عوام بلبلا کر تڑپ تڑپ کر مرتی رہے۔ محکمہ صحت کا کوئی بھی ذمہ دار بس حادثے کے بعد موقع پر نہیں آیا۔ مقامی لوگوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کے نااہل افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔ کیونکہ تمام بی ایچ یوز کو ادویات کی فراہمی میں وسیع پیمانے پر کرپشن کی جارہی ہے۔ سرکاری کاغذات کا پیٹ بھرنے کی حد تک ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ جبکہ عملی طور پر کسی بی ایچ یو میں ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!