مسلم لیگی امیدوار شمعون یارخان کی کشتی میں چھید ہونا شروع ہوگئے۔ مخالف گروپ نے سردار شیربہادر کیساتھ پیارکی پینگیں چڑھالیں۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) مسلم لیگی امیدوار شمعون یارخان کی کشتی میں چھید ہونا شروع ہوگئے۔ مخالف گروپ نے سردار شیربہادر کیساتھ پیارکی پینگیں چڑھالیں۔ سردار مہتاب کا سیاسی مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ سٹی میئر کا الیکشن شروع ہوتے ہی سابق گورنر سردار مہتاب بھی اپنے بیٹے کو جتوانے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے سردار شمعون یار خان کی مقبولیت میں اضافے کیلئے مختلف لوگوں کو مسلم لیگ(ن) میں شامل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ بظاہر مسلم لیگ(ن) کے دونوں گروپ اختلافات ختم کرنے کے دعوے تو کر رہے ہیں لیکن اندرون خانہ کہانی کچھ اور ہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سردار مہتاب کے مخالف گروپ نے اندرون خانہ سردار شیربہادر سے ہاتھ ملا لیا ہے اور چند روز کے اندر بلی تھیلے سے باہر آجائے گی۔ ذرائع کے مطابق سال 2018ء کے الیکشن سے فرار کے بعد سردار مہتاب کی سیاسی ساکھ انتہائی غیر مستحکم ہوچکی تھی۔ تاہم اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کیلئے انہوں نے سٹی میئر کے الیکشن میں اپنے بیٹے شمعون یارخان کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ دلوا دیا۔ جبکہ دوسری جانب پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرنے پر مسلم لیگ(ن) کا مخالف گروپ سردار مہتاب کا سیاسی مستقبل ختم کرنے پر کاربند ہے۔ اگر اکتیس مارچ کو سردار شمعون سٹی میئر کی سیٹ ہار جاتے ہیں تو یقینا سردار مہتاب کا سیاسی مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ ایبٹ آباد کی موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی جماعت کا ایک مضبوط ترین گروپ پی ٹی آئی کے امیدوار سردار شجاع نبی کی الیکشن مہم چلائے ہوئے ہے۔ جبکہ دوسری جانب آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے والے سابق ضلع ناظم سردار شیربہادر بھی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے گلے کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔ جو دونوں پارٹیوں کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں سرکل بکوٹ سے ایک بڑا گروپ سردار شیربہادر کی حمایت کا اعلان کرنے والا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!