بلدیاتی الیکشن:اربوں روپے کے ترقیاتی کام کے باوجودبدترین مہنگائی کے ستائے لوگوں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو مسترد کردیا۔

ہری پور (وائس آف ہزارہ)اربوں روپے کے ترقیاتی کام کے باوجودبدترین مہنگائی کے ستائے لوگوں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو مسترد کردیا۔ایبٹ آباد کے بلدیاتی الیکشن سمیت اگلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ناکامی کے قوی امکانات۔ ذرائع کے مطابق سال 2018ء کے انتخابات سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایسا تاثر عوام میں پھیلایا کہ پاکستانی عوام نے میاں نوازشریف کو چور سمجھنا شروع کردیا۔پاکستان 2018ء کا سال واقعی تبدیلی کا سال ثابت ہوا اور پاکستان تحریک انصاف نہ صرف صوبہ خیبرپختونخواہ بلکہ وفاق میں بھی برسراقتدار آگئی۔ سال 2018ء کے الیکشن میں ہری پور میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے بابرنواز خان کوچالیس ہزار ووٹ،سابق ایم پی اے گوہرنواز خان کو ساڑھے بارہ ہزار، سابق ایم پی اے قاضی اسد نے اکبرایوب خان سے ساڑھے بارہ ہزار ووٹ جبکہ راجہ فیصل زمان نے ساڑھے سترہ ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی اور پی ٹی آئی نے ہری پور میں کلین سویپ کیا۔

سابق وزیربلدیات یوسف ایوب خان نے ہری پور میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ ہری پور میں پاکستان کے ڈیجیٹل سٹی کا منصوبہ حاصل کیا۔ جس سے 35000نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ہری پور میں رنگ روڈ، حطار روڈ کی ڈیولائزیشن، لورہ چوک تاکوہالہ بالاروڈروڈ کی تعمیر سمیت دیگر بڑے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ اگر حقیقی معنوں میں دیکھا جائے تو یوسف ایوب خان نے پورے ہزارہ ڈویژن کے مقابلے میں ہری پور میں بڑے بڑے میگاپروجیکٹ مکمل کروائے۔

تاہم حالیہ بلدیاتی الیکشن میں ہری پور کی تینوں تحصیلوں غازی، ہری پور اور خانپور میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جس کی سب سے بڑی وجہ ملک میں تاریخ کی بدترین مہنگائی ہے۔ پی ٹی آئی کے برسراقتدار آنے کے بعد ہر چیز کی قیمت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ عام آدمی صبح ناشتے میں انڈہ تک نہیں کھاسکتا۔ موٹرسائیکل چلانے والا عام آدمی پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے خریدنے سے قاصر ہے۔ ہری پور کے حالیہ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا بدلہ لیا ہے۔ عام آدمی یہ سمجھتا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو سی پیک جیسے بڑے منصوبے شروع کرنے کی سزا دی گئی۔ کیونکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی اثاثے آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیئے ہیں۔ جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔

ہری پور کی تینوں تحصیلوں پر پی ٹی آئی کی جانب سے کمزور امیدواروں کو ٹکٹ دیئے گئے۔ ان امیدواروں کی انتخابی مہم بھی یوسف ایوب خان نے چلائے رکھی۔تحصیل ہری پور میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ سابق ایم این اے سردار مشتاق کے بھائی سردار ہارون کو دیا گیا۔ سابق مسلم لیگی ایم این اے بابر نواز خان کے بھائی سمیع اللہ خان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے سرگرم عمل تھے۔ لیکن انہیں ٹکٹ نہیں دیاگیا۔ تاہم سمیع اللہ خان نے بھاری اکثریت سے الیکشن جیت لیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارتحصیل خانپور راجہ ہارون سکندر اور غازی سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سیّدقاسم نے کلین سویپ کیا۔

ہری پور کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے بعد یوسف ایوب خان، ایبٹ آباد سے علی خان جدون، مشتاق غنی اور پی ٹی آئی ہزارہ کے دیگراراکین اسمبلی کیلئے بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔حالیہ نتائج سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ عوام بدترین مہنگائی کو برداشت نہیں کرسکتے اور اس مہنگائی کا بدلہ ووٹ کی پرچی سے لینگے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!