حاجی مہابت اعوان،سردارمہتاب کے جنبہ کو اپنے ساتھ شامل کرنے کیلئے سرگرم۔ملاقاتیں شروع کردی گئیں۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ)حاجی مہابت اعوان،سردارمہتاب کے جنبہ کو اپنے ساتھ شامل کرنے کیلئے سرگرم۔ملاقاتیں شروع کردی گئیں۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ سال 2018ء کی نئی حلقہ بندیوں کے نتیجے میں مسلم لیگی رہنماء سردار مہتاب احمد خان عباسی اور ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی کے حلقے اورجنبہ برادری حلقہ این اے پندرہ میں آگئی۔ سال 2018ء میں ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی حلقہ این اے پندرہ سے الیکشن لڑنے کیلئے بضد رہے۔ تاہم ملکی سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سردار مہتاب احمد خان اورانکے بھائی سردار فرید نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ ذرائع کے مطابق سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی کے مسلم لیگ(ن) میں دو گروپ بن گئے ہیں۔ گزشتہ سال سردار مہتاب بھی عملی طور پر میدان میں آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملک مہابت اعوان جو کہ ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ تھے۔ پی ٹی آئی میں تبدیلیوں کی وجہ سے وہ پارٹی میں اپنی جگہ نہ بناسکے اور انہوں نے سال 2013ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا لیکن ناکام رہے۔ملک مہابت اعوان نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔ سال 2018ء کے انتخابات میں سردار مہتاب کے بائیکاٹ کی وجہ سے مرتضیٰ جاوید عباسی نے حلقہ این اے سولہ کا ٹکٹ حاجی مہابت اعوان کو دے دیا۔ لیکن حاجی مہابت اعوان الیکشن نہ جیت سکے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ ملکی صورتحال کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) کے قائدین کو اپنا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔ ہر طرف مہنگائی اور بیروزگاری عام ہے۔ جس کی وجہ سے ایبٹ آباد میں سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی کے گروپ ایک دوسرے کیخلاف سیاسی محاذ گرم کئے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حاجی مہابت اعوان نے سردار مہتاب کے جنبہ میں شامل افراد سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور انہیں اپنے جنبہ میں شامل کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔یونین کونسل سلہڈ میں حاجی اللہ داد مرحوم سالوں سے سردار مہتاب کے جنبہ میں شامل تھے۔جس کی وجہ سے سلہڈ کو مسلم لیگ(ن) کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔حاجی مہابت اعوان حاجی اللہ داد مرحوم کے ڈیرے پر گئے۔ جہاں انہوں نے ذوالفقار ایڈوکیٹ، ضیاء الرحمن ایڈوکیٹ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہریار علی، زاہد نعیم، عدیل شمس، خالد خان پی ڈی ایس پی، محفوظ الرحمن، احتشام اور دیگر سے ملاقات کی۔ دوطرفہ ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ حاجی مہابت اعوان نے تمام افراد کو اپنے جنبہ میں شامل ہونے کی درخواست کی۔ اور حاجی اللہ داد مرحوم کے جنبہ میں سے سرکردہ افراد کو مسلم لیگ(ن) کی صدارت یا جنرل سیکرٹری کا عہدہ دینے کی پیشکش بھی کی۔ ذرائع کے مطابق حاجی اللہ داد مرحوم کی فیملی کے لوگوں نے حاجی مہابت اعوان کا شکریہ ادا کیا اور انکی پیشکش پر غور کرکے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!