ممبر کینٹ بورڈ قاضی احتشام الحق کی کوششیں رنگ لے آئیں: ایبٹ آباد میں لوکل کے کرایوں کیلئے سوزوکی یونین کیساتھ معاملات طے پاگئے۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) ایبٹ آباد میں لوکل روٹ پر سفر کے مطابق کرایہ کو یقینی بنانے کے لئے سوزوکی یونین اور منتخب عوامی نمائندوں کے درمیان معاملات طے پاگئے۔ گرینڈ جرگہ کے فیصلہ کے مطابق کرایہ نامہ میں ترمیم کرکے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو درخواست دیدی گئی ہے۔جس کے مطابق نیا کرایہ نامہ کا نوٹیفیکیشن جلد متوقع ہے شہریوں نے کرایہ نامہ کو ہر سوزوکی گاڑی اور اڈہ میں آویزاں کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز عمائدین اور منتخب عوامی بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد،اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کے بعد سیکرٹری آر ٹی اے کو لوکل روٹ پر مفاہمتی کرایہ نامہ تحریری طور پر سپرد کیا جس میں تجویز دی گئی کہ ایبٹ آباد سے سیٹھی مسجد 30 روپے،سیٹھی مسجد سے ایوب میڈیکل کمپلیکس 30 روپے،ایبٹ آباد سے کمپلیکس تا کالا پل 40 روپے،ایبٹ آباد سے میر پور 45 روپے کرایہ کی تجویز دی ہے اسی طرح ایبٹ آباد سے نواں شہر بنی سٹاپ،گھڑی پنہ 40 روپے،ایبٹ آباد سے مری روڈ کالا پل 30 روپے،نواں شہر بنی تا کمپلیکس40 روپے،نواں شہر تا بلال ٹاؤن میزائل چوک 30 روپے وصول کیا جائے اسی طرح ایبٹ آباد سے کاکول گاؤں 50 روپے،ایبٹ آباد سے مین گیٹ 40 روپے،ایبٹ آباد تا کاکول چوک 30 روپے،ایبٹ آباد سے دہمتوڑ 45 روپے،دہمتوڑ تا گھڑی پنہ چوک 30 روپے کرایہ کی تجویز دی گئی ہے۔

اس موقع پر ممبر کینٹ بورڈ قاضی احتشام الحق،چیئرمین ویلج کونسل نواں شہر صداقت خان،چیئرمین شیخ البانڈی راجہ ساجد علی،جواد خان شیخ البانڈی،عاطف خان شیخ البانڈی،شہر یار خان سپلائی،شیر خان سپلائی کے علاوہ سوزوکی یونین کے صدر سلیم خان،چیئرمین سردار گلفام،ولید قریشی جنرل سیکرٹری بھی موجود تھے۔سیکرٹری آر ٹی اے نے لوکل روٹ کے ترمیمی کرایہ پر افسران بالا کی ہدایت کے مطابق نیا کرایہ نامہ جاری کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔واضح رہے کہ 29 اپریل کے آر ٹی اے کے نوٹیفیکیشن کے مطابق سوزوکی ڈرائیورز اور شہریوں کے درمیان جھگڑے شروع تھے سوزوکی ڈرائیورز نے سرکاری کرایہ نامہ پر اعتراض اٹھا کر پرانہ کرایہ کی وصولی جا ری رکھی ہوئی تھی جس پر سوزوکی یونین اور منتخب عوامی بلدیاتی نمائندوں اور سماجی تنظیموں نے معاملات کو خوش اسلوبی سے نمٹانے کے لئے مشاورتی اجلاس کئے تھے جس میں متفقہ فیصلہ کے بعد کرایہ نامہ تجویز کرکے سیکرٹری آر ٹی اے کے سپرد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!