تعمیر وطن کے طالب علم قاری محمد ابوبکر کی مقابلہ حسن قرأت میں مسلم دنیا میں دوسری پوزیشن۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ)تعمیر وطن پبلک سکول اینڈ کالج گروپ آف ایجوکیشن پاکستان کے طالب علم پاکستانی قاری محمد ابوبکر بن ثاقب ظہیرکی مقابلہ حسن قرأت میں مسلم دنیا میں دوسری پوزیشن۔ جماعت ہفتم کے طالبِ علم حافظ و قاری ابوبکر نے عالمی مسابقہ مزامیر داود الجزآئرالشروق ٹی وی میں شرکت کی اور پوزیشن حاصل کی۔مسابقہ الجزائر مزامیر داود 2023 پانچ سخت مراحل پر مشتمل تھا۔ پہلا راونڈ اپریل 2023 میں آن لائن ہوا جس میں دنیا بھر سے 16 سال سے کم عمر بچوں نے آن لائن شرکت کی۔ جس میں پوری دنیا سے 20 بچے حسن قرات کیٹگری میں اور 20 بچے حفظ القرآن میں پوری دنیا سے منتخب ہوئے۔ پاکستان سے حسن قرات میں قاری ابوبکر اور حفظ میں حافظ محمد اظہان نے کوالیفائی کیا۔ دوسرا راونڈ 12 ستمبر 2022 سے الجزآئر میں شروع ہوا جس میں 20 قراء اور 20 حفاظ کے مابین مسابقہ ہوا جس میں 9 بچوں نے حسن قرات اور 11 بچوں نے حفظ القرآن میں اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔ پاکستانی دونوں بچے اگلے مرحلے کے لئے منتخب ہوئے۔ تیسرے کوارٹر فائنل مرحلے میں 9 قراء اور 11 حفاظ بچوں کا مسابقہ ہوا جس میں اگلے مرحلے کے لئے 4 قراء اور 6 حفاظ کی سلیکشن ہوئی۔ جس میں دونوں پاکستانی بچے محمد ابوبکر اور محمد اظہان سیمی فائنل کے لئے منتخب ہوئے۔چوتھا مرحلہ سیمی فائنل مرحلہ تھا جس میں ایک دفعہ پھر 4 قراء اور 6 حفاظ کے مابین مسابقہ ہوا جس میں فائنل کے لئے 2 قراء اور 4 حفاظ کی سلیکشن ہوئی۔ مقابلہ حسن قرات میں پاکستان کے حافظ محمد ابوبکر فائنل کیلئے سلیکٹ ہوئے۔ اور محمد اظہان فائنل میں نہیں پہنچ سکے۔ فائنل مرحلے میں ایک دفعہ پھر دو قراء اور دو حفاظ کا آپس میں مسابقہ ہوا جس میں پاکستان کے قاری محمد ابوبکر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اور انڈونیشیا کی بچی قاریہ ارین زیلیانواوی نے اول پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ حفظ میں شام کے حافظ عبد الرحمن نے اول اور لیبیا کے حافظ محمد سالم ں ے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس مقابلہ کی تلاوت الشروق ٹی وی الجزائر پر مخصوص شیڈول پر آن ائیر ہوگی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل قاری ابوبکر ابوظہبی کے عالمی مسابقہ جائزۃ التحبیر2020 میں دنیا بھر میں اول پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ اور قطر کے عالمی مسابقۃ تیجان النور2022 میں پانچویں پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔تعمیر وطن پبلک سکول اینڈ کالج گروپ آف ایجوکیشن پاکستان کی انتظامیہ حافظ ابوبکر اور ان کے والدین کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتی ہے۔ یقیناً وطن عزیز پاکستان اور ادارہ تعمیر وطن پبلک سکول اینڈ کالج کیلئے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!